بہاولنگر پولیس حسب روایت ایک بار پھر ڈٹ گئی۔ ریونیو افسران کے خلاف تھانے میں میڈیا ٹاک کروا دی

 زمینوں پر ناجائز قبضے میں پولیس افسران کے ملوث ہونے کے واقعات میں اضافہ، اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے بہاولنگر پولیس حسب روایت ڈٹ گئی۔ ریونیو افسران کے خلاف تھانے میں میڈیا ٹاک کروا دی۔ اعلیٰ حکام خاموش تماشائی بن گئے۔

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) زمینوں پر ناجائز قبضے میں پولیس افسران کے ملوث ہونے کے واقعات میں اضافہ، اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے بہاولنگر پولیس حسب روایت ڈٹ گئی۔ ریونیو افسران کے خلاف تھانے میں میڈیا ٹاک کروا دی۔ اعلیٰ حکام خاموش تماشائی بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بہاولنگر میں زمینوں پر قبضے کے واقعات میں اضافے کا ایک سبب پولیس افسران کا ملوث ہونا ہے۔ تھانہ صدر بہاولنگر پولیس نے زمین کے تنازع پر سکول ٹیچر کو گرفتار کر کے چھترول کی۔ سکول ٹیچر نے انصاف نا ملنے اور پولیس تشدد سے تنگ آکر میڈیا کو حقائق بتائے۔ سکول ٹیچر کے بیان اور دستیاب دستاویزات کے ساتھ پولیس تشدد اور زمین کے قبضے میں پولیس افسران کے ملوث ہونے کے حوالے سے "دی نیوز اردو" پر نیوزی سٹوری پبلش ہونے کے بعد ایس ایچ او تھانہ صدر بہاولنگر اور اس افسوسناک واقعے میں ملوث اے ایس آئی محمد خاں نے اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے بہاولنگر پولیس کی روایت کے مطابق ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا اور تھانہ صدر بہاولنگر میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے سکول ٹیچر کے فریق مخالف جو کہ ایک خاتون ہیں کو تھانے میں بلایا اور میڈیا نمائندگان کو تھانے میں بلا کر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے خلاف میڈیا ٹاک کروا دی۔ مختلف چینلز پر خاتون کو مظلوم بنا کر خبر نشر کروا کر تھانہ صدر پولیس بہاولنگر نے سکول ٹیچر پر تشدد اور گندم کی کٹائی میں موقع پر جا کر غیر قانونی پولیس مداخلت کو چھپانے کی کوشش کی۔

ریونیو افسران کے خلاف تھانہ صدر بہاولنگر کے اندر میڈیا ٹاک سے ثابت ہوتا ہے کہ پولیس سکول ٹیچر کی زمین پر قبضے اور گندم چوری کروانے میں پارٹی بن چکی ہے۔ خاتون کی میڈیا کوریج کے لیے تھانہ صدر میں جانے والے میڈیا نمائندگان کی تواضع اور میزبانی ایس ایچ او تھانہ صدر بہاولنگر نے خود کی۔ 

 ایس ایچ او تھانہ صدر بہاولنگر ایک میڈیا نمائندے کے ساتھ لیک شدہ آڈیو (ٹیلیفونک گفتگو) میں یہ کہتے سنے جا سکتے ہیں کہ اس کیس میں ڈی پی او صاحب خود مدعی ہیں اور خاتون کو سپورٹ کرتے ہیں۔

اپنی غلطی تسلیم کر کے اسے درست کرنے کی بجائے ڈٹ جانے والی روایت کی وجہ سے بہاولنگر پولیس نے حالیہ واقعات میں عالمی شہرت حاصل کی ہے۔

اس بابت مؤقف جاننے کے لیے ایس ایچ او تھانہ صدر بہاولنگر، اے ایس آئی محمد خاں اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر کو مختصر سوال نامہ بھیجا گیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

"دی نیوز اردو" کی انویسٹیگیشن ٹیم کے مطابق خاتون کی ویڈیو تھانہ صدر بہاولنگر کے فرنٹ ڈیسک کے سامنے برآمدے میں بائیں جانب والے ستون کے ساتھ کھڑا کر کے بنائی گئی۔ جبکہ دوسری ویڈیو نیوز چینل کے لوگو کے ساتھ محرر تھانہ صدر بہاولنگر کے کمرے سے ملحقہ تفتیشی افسران کے کمرے میں بنائی گئی۔

بہاولنگر پولیس حقائق چھپانے اور جھوٹے شواہد کے ساتھ اپنے دفاع کے لئے عالمی شہرت یافتہ ہے۔ عوامی ، سیاسی و سماجی حلقوں میں پولیس افسران کے اس رویے پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اور ان حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، آئی جی پنجاب پولیس ، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف انکوائری کروائی جائے اور زمینوں کے قبضے میں ملوث پولیس افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔